الجزائر کے شہر البلیدہ میں فوجی عدالت نے بدھ کی صبح 4 افراد کے خلاف 15 سال قید کی سزا سنا دی۔ ان افراد پر ریاستی حکام اور فوج کے خلاف سازش کرنے کا الزام ہے۔
الجزائر کے اخبار النہار کے مطابق عدالت نے جن چار شخصیات کے خلاف فیصلہ جاری کیا ان کے نام یہ ہیں : السعید بوتفلیقہ (سابق صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کا بھائی)، ورکرز پارٹی کی سربراہ لوئزہ حنون، ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل محمد مدین اور ریٹائرڈ میجر جنرل بشير طرطاق …
اس کے علاوہ فوجی عدالت نے غائبانہ طور پر سابق وزیر دفاع ریٹائرڈ میجر جنرل خالد نزار، ان کے ایک بیٹے اور ایک کاروباری شخصیت فرید بن حمدین تینوں کو 20،20 سال قید کی سزا سنائی۔
ملزمان میں شامل ایک شخصیت کے وکیل دفاع ایڈوکیٹ میلود ابراہیمی کے مطابق استغاثہ نے سعید بوتفلیقہ، محمد مدین، بشیر طرطاق اور لوئزہ حنون کے خلاف انتہائی مدت کی سزا کا مطالبہ کیا تھا جو کہ 20 برس ہے۔