ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے بدھ کے روز سابق سیاسی سربراہ خالد مشعل کی قیادت میں حماس کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی ۔
مہاتیر نے حماس کے وفد سے پوتراجايا کے انتظامی دارالحکومت میں ملاقات کی اور فلسطینی کاذ کے متعلق اہم معاملات پر بات چیت کی ۔
ملاقات کے بعد ہونے والی نیوز کانفرنس میں مشعل نے فلسطینی حقوق کی حمایت جاری رکھنے پر ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد اور انکے ملک کا مخلصانہ شکریہ ادا کیا ،اور مہاتیر کو مسلم قوم کے ممتاز رہنما وں میں سے ایک قرار دیا ۔
حماس کے رہنما نے غزہ پر محاصرے کے خاتمے کے لیے ملائیشیا کے اہم کردار ادا کرنے کی امید کا اظہار کیا ، اور غزہ کی عوام کو روزانہ حملوں اور جاری محاصرے سے ہونے والے مسائل کی نشاندہی کی۔
انہوں نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی کاروائیوں کا مقصد مقدس شہر کی شناخت کو تبدیل کرنا ہے، اور انہوں نے اسلامی دنیا سے کہا کہ وہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے فلسطینی عوام کی کوششوں پر توجہ مرکوز کریں۔
مہاتیر محمد نے اپنے ملک کی جانب سے فلسطینی عوام اور انکے قومی کاذ کی سپورٹ کو جاری رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا فلسطینی عوام کے خلاف جارحانہ اسرائیلی کاروائیوں کی مذمت جاری رکھے گا۔
انہوں نے تصدیق کی کہ ملائیشیا کےعوام فلسطینی عوام کو پیش آنے والی مشکلات اور پریشانیوں سے باخبر ہیں اور قابض اسرائیلی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف وہ زیادہ دیر تک خاموش نہیں رہیں گے۔
مہاتیر نے فلسطینی کاذ سے نمٹتے وقت اسرائیل کی مسلسل حمایت اور اسکے جرائم کو نظر انداز کرنے کی دنیا کی بڑی طاقتوں کی مکاری کو رد کردیا اور اسے انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا۔