اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کی طرف سے فلسطینی اسیران کو منظم جارحیت اور انتقامی کارروائی کا سامنا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کےمطابق حماس کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو طرح طرح کے مظالم کا سامنا ہے۔ فلسطینی اسیران کی صحت اور نفسیاتی حقوق بری طرح پامال کیے جا رہے ہیں۔ فلسطینی اسیران کو صہیونی ریاست کے جبرو تشدد سے بچانے کے لیے تمام فلسطینی قوتوں کو اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
حماس کے سیاسی شعبے کے رکن موسیٰ دودین نے کہا کہ فلسطینی اسیران صہیونی ریاست کے سنگین جرائم اور مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے سلب شدہ حقوق کے حصول کے لیے جدو جہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ جیلوں میں لگائے گئے جیمرز اور دیگر آلات کے ذریعے قیدیوں کے حقوق اور ان کی پرائیویسی پر حملہ کیا جا رہا ہے۔
دودین کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی رامون جیل میں آتش زدگی کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔ اسیران اپنے حقوق کی جنگ میں تنہا نہیں بلکہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ اسیران کے خلاف صہیونی ریاست کے جرائم پر فلسطینی خاموش تماشائی نہیں رہیں گے۔
ادھر حماس کے سیاسی شعبے کے ایک دوسرے رکن خلیل الحیہ نے کہا کہ موجودہ دور میں فلسطینی اسیران کے حقوق کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے جیلوں میں قید فلسطینیوں کے حقوق کی پامالیوں کی ذمہ داری اسرائیلی ریاست پرعاید کی اور کہا کہ اسیران کو فلسطینی قوم تنہا نہیں چھوڑے گی۔