اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ‘نیکولائی میلاڈینوف’ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے مندوب نیکولائے میلاڈینوف سے بات چیت میں غزہ کی پٹی میں اقتصادی بحران کے حل کی کوششوں، غزہ کے عوام کی مشکلات میں کمی اور غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے پہلے سے طے پائے امور پراسرائیل کو پابند بنانے پر بات چیت کی گئی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ نے یو این مندوب کوغزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے حوالے سے طے پائے نکات پر عمل درآمد میں اسرائیلی ٹال مٹول پر فلسطینی عوام میںپائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کیا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے مندوب نیکولائے میلاڈی نوف نے کہا کہ یو این غزہ کے عوام کی مشکلات کم کرنے کے حوالے سے اپنے اعلان کردہ منصوبوں پرعمل درآمد جاری رکھے گی اور اس حوالے سے مزید اہم اقدامات کیے جائیں گے۔