اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے تمام فلسطینی سیاسی قوتوں کی پر مشتمل قومی حکومت کی زیرگرانی جامع انتخابات کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت تمام جماعتوں پر مشتمل قومی حکومت کی تشکیل کی کوششوں کا خیر مقدم کرے گی مگر مخصوص گروپ کی موجودگی میں انتخابات قبول نہیں کیے جائیں گے۔
حماس کے ترجمان حسام بدران نے ایک بیان میں کہا کہ ڈیمو کریٹک فورم کی طرف سے فلسطین میں قومی حکومت کا مطالبہ اصولی اور قابل قبول ہے۔ حماس فلسطین میں تمام جماعتوں پر مشتمل قومی حکومت کی تشکیل اور اس حکومت کی زیرنگرانی پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ حماس دیگر تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر قومی مصالحتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حماس تمام فلسطینی جماعتوں کے ساتھ سیاسی تنازعات کے حل کے لیے جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے مگر مذاکرات غیر مشروط ہونے چاہئیں۔
حماس کےترجمان نے فلسطین میں آمرانہ سیاست کرنے والے گروپوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فلسطین میں کسی ایک گروپ کو سیاسی میدان میں تنہا کرنے کی پالیسی قبول نہیں کی جائے گی۔