فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے یہودی آباد کاروں نے وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سے یہودی کالونیوں کی حفاظت کے لیے اضافی بجٹ کی منظوری کا مطالبہ کیا۔
عبرانی نیوز ویب سائیٹ ‘0404’ کے مطابق 100 یہودی خاندانوں جن میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں اپنے افراد کھو دینے والے یہودی شامل ہیں نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ یہودی کالونیوں کی سیکیورٹی کے لیے بجٹ میں اضافہ کرے اور مزید سیکیوڑی اقدامات کیے جائیں۔
یہودی آبادکاروں اور ان کے لیڈروں کی طرف سے وزیراعظم نیتن یاھو کو ایک مکتوب ارسال کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہودی کالونیوں میں موجود آباد کار عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ کئی خاندان فلسطینی مزاحمتی حملوں کے نتیجے میں اپنے گھر کے افراد کو کھو چکے ہیں۔ انہیں مزید قربانی کا بکرا بنانے اور کسی نئی مصیبت سے دوچار کرنے کے بجائے یہودی کالونیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
ادھر غرب اردن کی یہودی کالونیوں میں آبا دکاروں نے سیکیورٹی کے مسائل کے حل کے لیے احتجاج کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ احتجاج ایک ایسے وقت میں شروع کیا گیا ہے جب غرب اردن میں فلسطینیوں کے بڑھتے مزاحمتی حملوں کے نتیجے میں صہیونی حکام اور آبادکاروں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔