انسانی حقوق کی ایک عالمی تنظیم نے مرکز برائے انسداد بارودی سرنگ کے اشتراک سے غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں یعبد کے مقام پر اسرائیل کی بچھائی گئی سرنگوں کی تلفی کی مہم شروع کی ہے۔
مرکز برائے انسداد بارودی سرنگ کے چیئرمین بریگیڈیئر اسامہ انو حنانہ نے ایک بیان میں کہا کہ یعبد میں 49 دونم کے علاقے پر پھیلی بارودی سرنگیں مقامی شہریوں کی زندگی کے لیے خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل وہ الخلیل ، صوریف، قلقیلیہ، حوسان، بیت لحم، اریحا میں المغطس کے مقامات پر 76 دونم کے علاقے میں بارودی سرنگیں تلف کرچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین جنگی علاقہ ہے اور اسے خاص طور پر بارودی سرنگوں کے حوالے سے احتیاط کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے 1967ء کی جنگ میں مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں بچھائی تھیں۔ ان میں سے بیشتر بارودی سرنگیں تلف کی جاچکی ہیں۔