اسرائیلی جیل میں مسلسل 57 روزسے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی رہ نما الشیخ خضرعدنان کی حمایت میں فلسطین کے مختلف شہروں میں مظاہرے جاری ہیں۔ کل بدھ کی شام اور آج جمعرات کو الرملہ جیل کے باہر سیکڑوں فلسطینیوں نے جمع ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الرملہ جیل کے باہر احتجاج کرنے والے فلسطینیوں میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سوسوسائٹی کے ارکان کی بڑی تعداد نےشرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتنے اٹھا رکھے تھےجن پر خضرعدنان کی فوری رہائی کے حق میں مطالبات درج تھے۔
مظاہرین نے بھوک ہڑتالی الشیخ خضر عدنان کی تصاویر اٹھا کر ان کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتےہوئے الشیخ خضرعدنان کی حراست کو بلا جوازقرار دیتے ہوئے اس کی بھوک ہڑتال کی مکمل حمایت کی اور صہیونی حکام پر زور دیا کہ وہ بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی رہ نما کو فوری طورپر رہا کریں۔
خیال رہے کہ الشیخ خضر عدنان مسلسل 57 روز سے اسرائیلی جیل میںبھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ ان کی پہلی بھوک ہڑتال نہیں۔ وہ سنہ 2012ء کو دو ماہ تک مسلسل بھوک ہڑتال کرچکے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق الشیخ خضرعدنان کی بھوک ہڑتال کی حمایت میں اور ان کی فوری رہائی کے لیےغرب اردن کے دوسرے شہروں میںبھی ریلیاں نکالی گئی ہیں۔