فلسطین میں اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے ’کلب برائے اسیران‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تین فلسطینی شہری اسرائیلی زندانوں میں بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کی طبی حالت بہ تدریج خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی زندانوں میں انتظامی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والوں میں 48 سالہ جمال علقم 15 روز سے مسلسل بھوک ہڑتال پر ہیں۔ وہ اس وقت ’عوفر‘ عقوبت خانے میں پابند سلاسل ہیں اور ان کی طبی حالت کافی حد تک بگڑ چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 60 سالہ عمران الخیطب کا تعلق غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے جبالیا سے ہے۔ وہ 39 روز سے مسلسل بھوک ہڑتال پر ہیں۔ حال ہی میں ان کی حالت خراب ہونے پرانہیں ’الرملہ‘ اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسرائیلی زندانوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے تیسرے فلسطینی اسلامی جہاد کے رہ نما 40 سالہ الشیخ خضر عدنان ہیں۔ وہ 11روز سے مسلسل بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔