جمعه 15/نوامبر/2024

عالمی برادری فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے ہنگامی امداد دے: عرب لیگ

جمعرات 14-جون-2018

عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے عالمی برادری اور عرب ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت کے ذمہ دار ادارے’اونروا‘ کو بجٹ کی قلت پوری کرنے میں مدد کے لیے فوری اور ہنگامی مالی امداد فراہم کریں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قاہرہ میں قائم عرب لیگ کے صدر دفتر سے جاری ایک بیان میں احمد ابو الغیط نے کہا ہے کہ خطے میں استحکام ، مزید انسانی بحرانوں کو ٹالنے بالخصوص غزہ کی پٹی کے علاقے میں جاری خطرناک انسانی بحران سے نجات کے لیے قوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ کی فوری مدد کی ضرورت ہے تاکہ تنظیم فلسطینی پناہ گزینوں کے مسائل کا حل نکال سکے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ عرب ممالک کی طرف سے ’اونروا‘ کو دی جانے والی امداد کم ہے اور اس میں اضافہ نہ کیا گیا تو اس کے نتیجے میں خطہ مزید عدم استحکام سے دوچار ہوگا۔ احمد ابو الغیط نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور قطر کی طرف سے 10 کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کی گئی ہے جو کہ ناکافی ہے۔

عرب لیگ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’احمد ابو الغیط‘ نے حال ہی میں ’انروا‘ کی ایک کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے رواں سال جنوری میں امریکا کی طرف سے ’اونروا‘ کی امداد میں کمی کے اعلان کے بعد ادارے کو درپیش مالی مشکلات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

ادھر دوسری جانب عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان محمود عفیفی نے کہا ہے کہ ’اونروا‘ کو درپیش مالی بجٹ میں قلت کا تخمینہ 446 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اونروا کے زیراہتمام پناہ گزین کیمپوں میں 35 لاکھ فلسطینی بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہوچکے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی