اسرائیلی حکام برائے جیل خانہ جات نے سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں بغیر اجازت داخل ہونے والے فلسطینیوں کو ’سھرونیم‘ جیل میں منتقل کرنا شروع کیا ہے۔ یہ جیل اسرائیل میں پناہ لینے والے غیر قانونی تارکین وطن کے لیے مختص ہے اور اس جیل میں اس وقت 50 افریقی قید ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کی الکرمل میں قائم دامون جیل میں 500 ایسے فلسطینی قید ہیں جو غرب اردن اور بیت المقدس سے وہاں محنت مزدوری کے لیے آئے مگر انہیں صہیونی پولیس نے گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال دیا۔ اب ان قیدیوں کو افریقی تارکین وطن کے لیے بنائے گئے قید خانے میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
صہیونی حکام کا کہنا ہے کہ’سھرونیم‘ میں 1000 افراد کو قید کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ اسرائیل کی دوسری جیلوں میں قید فلسطینیوں کی تعداد گنجائش سے زیادہ ہوتی جا رہی ہے اور جیلوں پر قیدیوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے 500 فلسطینی قیدیوں کو سھرونیم جیل منتقل کیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق نصف فلسطینیوں کو آئندہ ستمبر میں سھرونیم منتقل کای جائے گا جب کہ بقیہ آدھے فلسطینیوں کو آئندہ سال اس جیل میں لے جائے گا۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی 22 جیلوں میں قید فلسطینیوں کی تعداد 6500 سے زاید ہے۔ ان میں تین سو بچے، پانچ سو انتظامی قیدی اور ساٹھ سے زاید خواتین قید ہیں۔