جمعه 15/نوامبر/2024

محصورین غزہ کی پکارپرلبیک، حیفا میں جمعہ کو مظاہروں کی کال

ہفتہ 26-مئی-2018

جنوبی فلسطینی شہر حیفا سمیت دیگر علاقوں میں رہنےوالے فلسطینی بھی غزہ کی پٹی کے مظلوم عوام کے ساتھ کھل کر اظہار یکجہتی کررہےہیں۔ حیفا کے فلسطینی باشندوں نے مظلومین غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئندہ جمعہ کو شہر بھر میں احتجاجی مظاہروں کی کال دی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’حیفا سے غزہ تک ۔۔ ایک خون اور ایک انجام‘ کے عنوان سے وسیع پیمانے پر مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ اعلان غزہ میں عظیم الشان ملین مارچ کی نگران سپریم کمیٹی کی طرف سے جمعہ کے روز ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے اعلان کے موقع پر کیا ہے۔

غزہ میں حق واپسی کے لیے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں کی نگران سپریم کمیٹی کی اپیل کے بعد حیفا میں ’تحریک حیفا‘ کے عنوان سے فیس بک پر بنائے گئے صفحے پر ایک بیان پوسٹ کیا گیا ہے۔ ’لبیک اے اہل غزہ‘ ہم آ رہے ہیں۔ تمہارا حق واپسی، غزہ کی ناکہ بندی کاخاتمہ اور القدس کا عرب اور اسلامی تشخص ناقابل تغیر اصول ہیں۔

حیفا کی سرکردہ سیاسی اور دینی شخصیات نے بھی یکم جون کو بن گوریون روڈ پر باسل الاعرج چومیں ایک احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ حیفا کے فلسطینی شہری غزہ کی پٹی کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے متعدد بار مظاہرے کرچکے ہیں۔ گذشتہ جمعہ کو حیفا میں ہونے والے مظاہرے پر اسرائیلی پولیس نے وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں درجنوں شہری زخمی ہوگئے تھے۔ قابض فوج نے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں بھی لے لیا تھا۔

غزہ کی پٹی میں 30 مارچ سے ہزاروں فلسطینی ہر جمعہ کو مشرقی سرحد کی طرف مارچ کرتےہوئے اپنے حق واپسی کے مطالبے کا اعادہ کرتےہیں۔ صہیونی فوج فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کرتی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 121 فلسطینی شہید اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوچکے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی