ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کو دہشت گرد قرار دینے والا اسرائیلی وزیراعظم بجمن نیتن یاھو خود عالمی دہشت گرد ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترک صدر نے کہا کہ میں نیتن یاھو کو یاد دلانا چاہتا ہوں کی اس کے ہاتھ بے گناہ فلسطینیوں کے خون سے رنگین ہیں۔ وہ حماس اور فلسطینی مجاھدین کو دہشت گرد قرار دیتا ہے مگر حقیقی معنوں میں نیتن یاھو خود عالمی دہشت گرد ہے۔
ترک صدر کا کہنا تھا کہ حماس اپنے وطن کے دفاع اور قابض ریاست کے خلاف لڑ رہی ہے۔ اس وقت پوری دنیا فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔
قبل ازیں ترک صدر نے امیر کویت کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی اور فلسطین کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
خیال رہے کہ ترکی اور اسرائیل کے درمیان تازہ کشیدگی اس وقت آئی جب غزہ میں اسرائیلی فوج نے نہتے فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کرکے ساٹھ سے زاید نہتے فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ اس پر ترکی نے اپنے ہاں متعین اسرائیلی سفیر اور قونصل جنرل کو نکال باہر کیا ہے۔