الجزائر کی ایک فوجی عدالت نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں قید لائبرین نژاد لبنانی کو سزائے موت کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے سات دیگر ملزمان کو دس دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الجزائر کے گرادیہ شہر میں قائم فوجی عدالت نے لبنان سے تعلق رکھنے والے جاسوسی کے مرکزی ملزم کو شرپسند گروپ تشکیل دینے، الجزائر کے مفادات کو نقصان پہنچانےاور ایک دشمن ملک کو حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام کے تحت سزائے موت سنائی۔ دیگر ملزمان کو جاسوسی نیٹ ورک میں شامل ہونے اور ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچانے پر دس دس سال قید کی سزا سنائی گئی۔
خیال رہے کہ الجزائر کی سیکیورٹی فورسز نے 2017ء کے اوائل میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے والے ایک نیٹ ورک کا سراغ لگا کر ان کے قبضے سے جدید مواصلاتی آلات سمیت حراست میں لے لیا تھا۔