فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے چند روز قبل زخمی ہونے والا فلسطینی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق46 سالہ محمد صبحی عنبر کو جبارہ چیک پوسٹ کےقریب سے گذرتے ہوئے گولیاں ماری گئی تھیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔
صبحی عنبر کو شدید زخمی حالت میں ایک مقامی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ چند روز تک موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گئے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ عنبرکو مائیر اسپتال میں مصنوعی آکسیجن پر رکھا گیا تھا۔ اسے اسرائیلی فوج نے دو اپریل کو جبارہ چیک پوسٹ کے قریب گولیاں ماری تھیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔ صہیونی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ عنبر نے اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملہ کردیا تھا جس کے جواب میں اسے گولیاں ماری گئیں تاہم صہیونی فوج کا یہ دعویٰ من گھڑت نکلا تھا۔