کویت کے امیر الشیخ صباح الاحمد الصباح نے کہا ہے کہ قضیہ فلسطین عرب ممالک کے آئندہ ہونے والے اجلاسوں کے ایجنڈے میں سر فہرست رہے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ کویت فلسطینی قوم کے دیرینہ مطالبات اور حقوق کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امیر کویت کی جانب سے یہ بات اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کو لکھے گئے ایک مکتوب میں کی گئی۔
امیر کویت نے اسماعیل ھنیہ کی طرف سےبھیجے گئے مکتوب کا جواب دیا ہے اور لکھا ہے کہ قضیہ فلسطین، القدس اور الاقصیٰ آئندہ عرصے میں الریاض میں ہونے والی عرب سربراہ کانفرنس میں ایجنڈے میں سرفہرست ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ عرب ممالک فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق اور مطالبات کے حصول اور ان کے تحفظ کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
ادھر کویت کے نائب وزیر خارجہ خالد جاراللہ کا کہنا ہے کہ امیر کویت نے اسماعیل ھنیہ کے مکتوب کو بھرپور اہمیت دی ہے اور ان کے مکتوب کا اطمینان بخش جواب دیا ہے۔
امیر کویت نے اسرائیلی ریاست کی فلسطینیوں کے خلاف جاری منظم ریاستی دہشت گردی کی مذمت اور فلسطینی قوم کی آزادی کے لیے جاری آئینی جدو جہد کی بھی حمایت کا یقین دلایا ہے۔