جمعه 02/می/2025

ھنیہ کا عرب لیگ کے سربراہ کو فون، اسرائیلی جرائم پر بات چیت

منگل 3-اپریل-2018

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کےسیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے فلسطین میں ’یوم الارض‘ کےموقع پر اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے حوالے سے عالمی رہ نماؤں سے رابطے شروع کیے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوموار کو حماس کے رہ نما اسماعیل ھنیہ نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔

ھنیہ کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی حالیہ ریاستی دہشت گردی پر بات چیت کی۔

اسماعیل ھنیہ نے غزہ میں ’یوم الارض‘ ریلیوں پر صہیونی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں، غزہ کی ناکہ بندی اور دیگر صہیونی جرائم کے حوالےسے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔

حماس رہ نما نے فلسطینیوں کے خلاف صہیونی فوج کے وحشیانہ کریک ڈاؤن اور قتل عام کی روک تھام کے لیے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے امریکا کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کی قرارداد ویٹو کیے جانے کی بھی شدید مذمت کی اورکہا کہ صہیونی ریاست  اور امریکا مل کر فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کا استحصال کر رہےہیں۔

دوسری جانب عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے بھی صہیونی فوج کی جانب سے غزہ میں پرامن ریلیوں پر فائرنگ اور وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال قابل مذمت اقدام ہے اور اس حوالے سے آج منگل کو عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔

احمد ابو الغیط نے اسرائیلی دہشت گردی میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا۔

مختصر لنک:

کاپی