بھارت نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے سالانہ کی بنیاد پر دی جانے والی مالی امداد میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت فلسطینی پناہ گزینوں کو اب 15 لاکھ کے بجائے 50 لاکھ ڈالرکی امداد جاری کرے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بھارت کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اضافی امداد کا اعلان حال ہی میں روم میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں کیا گیا تھا۔ اس کانفرنس میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی قائم کردہ ایجنسی’اونروا‘ کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کے وعدےکئے گئے تھے۔
بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج نے گذشتہ برس غیروابستہ ممالک کے اجلاس کے موقع پر بھی فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد میں اضافے کی یقین دہائی کرائی تھی۔ چند ماہ قبل امریکی حکومت نے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد بھی کم کردی تھی۔ امریکا فلسطینی پناہ گزینوں کو سب سے زیادہ امداد دینے والے ممالک میں شامل رہا ہے۔ مگر امریکی امداد میں کمی کے اعلان کے بعد ’اونروا‘ کو شدید نوعیت کی مالی مشکلات کا سامنا ہے۔