قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے نواحی علاقے وادی اردن میں ایک کارروائی کے دوران فلسطینی لڑکی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق سوموار کو علی الصباح اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے شمالی وادی اردن میں ’خربہ الحدیدیہ‘ کے مقام پر چھاپہ مارا۔ قابض فوج نے 21 سالہ منال عبدالرحیم بشارات کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
لڑکی کے والد عبدالرحیم بشارات نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے قینچیوں اور چھریوں سے مقامی شہریوں کے خیمے چاک کرڈالے اور خیموں میں رکھے سامان کی توڑ پھوڑ کی۔
فلسطینی انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ جنوری اور فروری کے دوران 1319 فلسطینیوں کو حراست میں لیا جن میں 23 خواتین شامل تھیں۔
28 فروری 2018ء تک اسرائیلی جیلوں میں رجسٹرڈ فلسطینیوں کی تعداد 6500 بتائی گئی ہے۔ ان میں 63 خواتین، چھ کم عمر بچیاں اور 350 بچے شامل ہیں۔