اسلامی تحریک مزاحمت’حماس‘ کی قیادت کے مصر کے ساتھ تاریخ کے طویل ترین مذاکرات جاری ہیں۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کا وفد گذشتہ 14 روز سے مصر میں موجود ہے۔ گذشتہ روز حماس کے مزید تین رہ نما مذاکراتی وفد میں شامل ہوئے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے شعبہ اطلاعات کے رکن طاھر نونو نے بتایا کہ جمعرات کو حماس کے نائب صدرالشیخ صالح العاروری، بیرون ملک جماعت امور کے انچارج ڈاکٹر ماھر صلاح اور سیاسی شعبے رکن زاھر جبارین جمعرات کو قاہرہ پہنچے جہاں وہ بھی حماس کے مذاکراتی وفد میں مصری قیادت کے ساتھ بات چیت کریں گے۔
گزشتہ اتوار کو حماس کے سیاسی شعبے کے تین ارکان موسیٰ ابو مرزوق، عزت الرشق اور محمد نصر نے قاہرہ میں جاری مذاکرات میں شمولیت اختیار کی تھی۔
خیال رہے کہ حماس کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں دو ہفتے قبل مصر پہنچا تھا۔ وفد میں حماس کے سیاسی شعبے کے ارکان خلیل الحیہ، روحی مشتہی، فتحی حماد اور یحییٰ السنوار شامل تھے۔
حماس کی قیادت کا یہ طویل ترین مصری دورہ ہے۔ حماس کے سیاسی شعبے کے رکن خلیل الحیہ کا کہنا ہے کہ مصری قیادت کے ساتھ جاری مذاکرات میں چار اہم موضوعات پر تفصیلی بات چیت جاری ہے۔ بات چیت میں قضیہ فلسطین کے بارے میں سیاسی تعلقات، غزہ میں انسانی بحران کے حل کے لیے کوششیں، فلسطینیوں کے درمیان مصالحت اور دوطرفہ سیاسی اور سیکیورٹی تعلقات جیسے امور زیربحث ہیں۔