اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے جماعت کے مرکزی لیڈر محمود الزھار کے بارے میں صدر محمودعباس کے نازیبا الفاظ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کا بیان مسترد کردیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قضیہ فلسطین جس نازک مرحلے سے گذر رہا ہے اس کی حساسیت کو سامنے رکھتے ہوئے، قومی وحدت کے تحفظ، تصفیے کے منصوبوں کا مقابلہ کرنے اور قومی کی قربانیوں اور تاریخ کا تحفظ کرتے ہوئے حماس محمود عباس کے بیان کا پوری قوت کے ساتھ جواب دے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ محمود عباس نے شہداء کے والد، ان کی قربانیوں اور آزادی کے لیے جدو جہد کی توہین کی ہے۔ محمود عباس کے بیان سے صاف ظاہر ہوتاہے کہ وہ فلسطینیوں میں مصالحت کو ناکام بنانے کے ذمہ دار ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب میں ڈاکٹر محمود الزھار کے بارے میں نازیبا الفاظ کا استعمال کیا تھا۔
ڈاکٹر محمود الزھار فلسطین کی پچھلی حکومت کے وزیر خارجہ رہ چکے ہیں اور ان کے متعدد بیٹے اور دیگر کئی قریبی عزیز اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہوچکے ہیں۔