اسرائیلی فوج اور وزارت دفاع کی طرف سےجاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بیلسٹک میزائل شکن ’ایرو 3‘ میزائل کا تجربہ دوسری بار ناکام ہوگیا ہے۔
عبرانی ٹی وی 2 کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل میں ’ایرو 3‘ کا تجربہ دوسری بار ناکام ہوگیا ہے۔ اب تیسری بار اس میزائل کا تجربہ امریکا میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ماہ میں یہ دوسرا موقع ہے جب ’ایرو3‘ کا تجربہ ناکام ہوگیا ہے۔ اس کے بعد اسرائیلی وزارت دفاع نے فیصلہ کیا ہے کہ ایرو تھری میزائل کا نیا تجربہ اسرائیل کے بجائے امریکا میں کیا جائے گا۔
اسرائیلی میڈیاکے مطابق ’ایرو 3‘ میزائل سسٹم کا تازہ تجربہ ’الماحیم‘ کے مقام پر کیا گیا۔ اسرائیل کے میزائل تجربات کے حوالے سے یہ جگہ مشہور ہے۔
ایرو 3 میزائل بیلسٹک میزائلوں کو فضاء میں مار گرانے کی صلاحیت کا حامل ہوگا مگر اسرائیل اب تک اس کے کامیاب تجربے میں ناکام رہا ہے۔