قابض صہیونی انتظامیہ نے جیلوں میں فلسطینی اسیران کو ان کے اہل خانہ کی طرف سے سردی سے بچاؤ کے لیے گرم کپڑوں اور لحاف کی فراہمی پر پابندی عاید کردی ہے۔ دوسری جانب سخت سردی کے موسم میں اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینیوں کی حالت تشویشناک ہوگئی ہے۔ کئی اسیران سردی کی وجہ سے بیمار ہوگئے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے’کلب برائے اسیران‘ کے ڈائریکٹر امجد النجار نے بتایا کہ حالیہ ایام میں متعدد اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو ان کے اقارب کی طرف سے گرم کپڑے فراہم کرنے کی کوشش کی گئی مگرقابض جیل انتظامیہ نے اسیران کے لواحقین کو اسیران تک گرم کپڑے اور دیگر ضروریات کی فراہمی پر پابندی عاید کردی۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز اسرائیل کی ’ایشل‘ جیل میں قید فلسطینیوں کو کلب برائے اسیران اور قیدیوں کے اہل خانہ کی طرف سے کم کپڑے بھجوائے گئے مگر صہیونی حکام نے انہیں قیدیوں کودینے سے انکار کردیا۔
امجد النجار نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ اسرائیل کی صحرائی جیلوں میں قید فلسطینی شدید سرد موسم کا سامنا کررہے ہیں اوران کے پاس سردی سے بچاؤ کا کوئی انتظام نہیں ہے۔
النجار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل کئی فلسطنی سردی کی وجہ سے بیمار پڑ گئے ہیں۔ سردی کی وجہ سے نزلہ ، زکام ، بخار اور سر درد کی بیماریاں عام ہیں۔