مقبوضہ بیت المقدس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے القدس کی تاریخی دیوار کے باب الساھرہ کی سمت شاہراہ صلاح الدین میں نوجوانوں کی احتجاجی ریلی طاقت کے زور پر روکی تو اس کے بعد قابض اسرائیلی فوج سے جھڑپوں کا سلسلہ منگل کی شب ایک مرتبہ پھر شروع ہو گیا۔
فلسطینی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘وفا’ کے مطابق شاہراہ صلاح الدین کے علاقے میں سپیشل فورس کے اہلکار اور فوجی کمک نے پوزیشینز سنبھال لیں۔ یہ علاقہ مقبوضہ بیت المقدس کا گنجان آباد حصہ ہے جہاں سے امریکی فیصلے کے خلاف نکالی گئی نوجوانوں کی ریلی کو طاقت کے زور پر کچل دیا گیا۔
نیوز ایجنسی کا مزید کہنا تھا کہ شاہراہ صلاح الدین، باب الساھرہ کے علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے کیونکہ وہاں پر اسرائیلی فوج کے پیادہ اور گھڑ سوار فوجی دستے بڑے پیمانے پر تعینات کر دیئے گئے ہیں۔