چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسماعیل ھنیہ کا ایران اور عراق میں زلزلے سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس

منگل 14-نومبر-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے ایران اور عراق میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر دونوں ملکوں کی  قیادت کو تعزیتی پیغامات میں ان سے قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے ایران کے صدر حسن روحانی اور عراق کے صدر فواد المعصوم کو الگ الگ برقی پیغامات میں ان سے تعزیت کی ہے۔

برقی تعزیتی پیغامات میں حماس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت اور پوری فلسطینی قوم گذشتہ روز آنے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر دکھی ہے۔ ہم مشکل کی گھڑی میں دونوں ملکوں کے عوام کےساتھ ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور زلزلے کے نتیجے میں فوت ہونے والے شہریوں کےلواحقین اور دونوں ملکوں کی قیادت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ اتوار اور سوموار کی درمیانی شب عراق اور ایران کی سرحد پرآنے والے زلزلے کے نتیجے میں دونوں ملکوں میں کم سے کم چار سو افراد جاں بحق اور سات ہزار سے زاید زخمی ہوگئے تھے۔

ادھر یورپی ملک سوئٹرزلینڈ کے ایک حکومتی وفد نے غزہ میں اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی۔

وفد کی قیادت سوئٹرزلینڈ کے مشرق وسطیٰ کے لیے قائم کردہ مندوب رولانڈ کررہے تھے۔ اس موقع پر حماس کی قیادت اور سوئس وفد کے درمیان فلسطینیوں کے درمیان حالیہ ایام میں طے پانے والے مصالحتی معاہدے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ یورپی وفد نے فلسطینی دھڑوں میں مصالحت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مفاہمت سے غزہ کی پٹی کے عوام کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

 

مختصر لنک:

کاپی