پنج شنبه 01/می/2025

امریکی پابندیوں کا خاتمہ، اسماعیل ھنیہ کی سوڈانی صدر کو مبارک باد

پیر 9-اکتوبر-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے صدر اسماعیل ھنیہ نے نے سوڈان پر بیس سال سے عاید امریکی پابندیوں کے خاتمے پر سوڈانی صدر محمد عمر البشیر کو مبارک باد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دو عشروں تک ظالمانہ امریکی پابندیوں کے خلاف خرطوم کا جرات مندانہ موقف باعث فخر اور قابل تحسین ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی حکومت نے سوڈان پر 20 سال سےعاید اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ھنیہ نے سوڈان کے صدر عمر البشیر کے نام اپنے ایک تہنیتی مکتوب میں سوڈانی حکومت اور قوم کو امریکی پابندیوں کے خاتمے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

مکتوب میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے سوڈان پر عاید اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ فلسطینی قوم کے لیے بھی خوش خبری ہے۔ برادر مسلمان سوڈان کی حکومت اور قوم نے بیس سال تک امریکی ڈھٹائی کا پوری جرات کے ساتھ مقابلہ کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ سوڈانی قوم امریکیوں سامنے جھکنے والی نہیں۔ امریکا کو آخر کار اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے سوڈان پر عاید پابندیوں کو ختم کرنا پڑا ہے۔
حماس رہ نما کا کہنا ہے کہ سوڈان پر بیس سال تک عاید پابندیوں کے منفی نتائج کا ذمہ دار امریکا ہے۔ امریکی حکومت کو ان پابندیوں کے سوڈانی قوم پر پڑنے والے منفی اور تباہ کن نتائج کا بھی ازالہ کرنا ہو گا۔
اسماعیل ھنیہ نے سوڈانی حکومت اور قوم کی جانب سے فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کے لیے ہرفورم پر آواز بلند کرنے کے عزم کو سراہا اور کہا کہ خرطوم نے ہمیشہ فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق کی حمایت کی ہے۔ فلسطینی قوم اور حماس سوڈان کے استحکام، خوشحالی اور ترقی کی ہمیشہ خواہاں رہے گی۔

 

مختصر لنک:

کاپی