اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت مشرقی بیت المقدس میں پہلے سے قائم کردہ ’گیلو‘ یہودی کالونی کے جنوب مشرق میں ایک نئی کالونی بسانے کی تیاری کررہی ہےجس میں کم سے کم تین ہزار مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔
عبرانی جریدے ’کول ھعیر‘ کے مطابق اس نئی یہودی کالونی کو ’گرین گیلو‘ کا نام دیا جائے گا۔
اس کالونی کے لیے فلسطینیوں کی نجی اراضی غصب کی جائے گی جس میں ابتدائی طور پر تین ہزار مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔
عبرانی جریدے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’گرین گلو‘ یہودی کالونی کا منصوبہ آخری تنظیمی مراحل میں ہے۔
اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’منوس‘ نامی ایک گروپ توسیع پسندانہ منصوبے میں سرگرم ہے جس کے لیے ساڑھے تین لاکھ شیکل کے اشتہار جاری کیے گئے ہیں۔ اس گروپ کی طرف سے یہویوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ’گرین گیلو‘ میں مکان کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے افراد اپنے لیے مکانات کی پیشگی بکنگ کرسکتے ہیں۔
اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس میں قائم ’بسغات زئیو‘ کالونی میں 122 مکانات کی تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے۔