امریکی شہر نیویارک میں اسرائیلی قونصل خانے کو ایک دھمکی آمیز مشکوک خط اور پیکٹ موصول ہونے کے بعد ایک نیا انکشاف ہوا ہے کہ قونصل خانے کو ایک نیا پیکٹ ملا ہے جس میں وزیراعظم نیتن یاھو کو دھمکی آمیز مکتوب کے ساتھ سفید رنگ کا مشکوک پاؤڈر بھی موجود تھا۔
قبل ازیں امریکی پولیس کا کہناتھا کہ یہ ایک ہفتے میں اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے جس میں اسرائیلی قونصل خانے کو مشکوک پیکٹ ملا ہے۔ جب کہ تین روز میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے قونصل خانے کے اطراف کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کردی تھی۔
عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ کی رپورٹ کے مطابق مشکوک پیکٹ اور اس کے ساتھ دھمکی آمیز پیغام میں موجود مواد حقیقت معلوم نہیں ہوسکی۔ پولیس نے مشکوک مواد قبضے میں لے کر اس کی چھان بین شروع کردی ہے۔
نیویارک میں اسرائیلی قونصلیٹ کو یہ مشکوک پیکٹ ایک ایسے وقت میں موصول ہوا ہے جب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو امریکا کے دورے پر ہیں جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔
خیال رہےکہ اسی نوعیت کا ایک مشکوک پیکٹ ایک ہفتہ قبل بھی نیویارک کے قونصل خانے کو موصول ہوا تھا جس میں نیتن یاھو کو سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی تھی۔