فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج اتوار کو علی الصباح اسرائیلی فوج کے سرچ آپریشن میں متعدد فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں حراست میں لیے گئے فلسطینیوں میں سابق اسیران اور گذشتہ روز شہید ہونے والے سترہ سالہ قتیبہ زھران کا ایک بھائی بھی شامل ہے۔
زھران کو گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے نابلس میں زعترہ فوجی کیمپ کے قریب گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن سے مختلف چھاپہ مار کارروائیوں میں پانچ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ان میں گذشتہ روز اسرائیلی فوجیوں پر چاقو حملے کی ناکام کوشش کے دوران فوجیوں کی فائرنگ سے شہید ہونےوالے نوجوان کا ایک قریبی عزیز بھی شامل ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق قابض فوج نے اتوار کے روز طولکرم میں الجلزون کے اور الامعری کیمپوں میں چھاپے مارے اور دو شہریوں کو حراست میں لے ل یا۔ رام اللہ کے نواحی علاقے سلواد سے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کا ایک کارکن اور الخلیل شہر کے مضافاتی قصبے بیت کاحل سے ایک فلسطینی کو حراست میں لیا گیا۔
ادھر بیت المقدس میں العیسویہ کالونی میں چھاپے کے دوران تین کم عمر لڑکوں سمیت چار فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اتوار کے روز اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیوں میں حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی شناخت ابراہیم الصلیبی، حامد عادی، خلیل ایریغیث، شعبان عیاش، سابق اسیر احمد خلیل علی، کالد ایریغیث، محمود محمود عادی، سعد حسن الصلیبی، وجدی شما اور عدنان اخلیل کے ناموں سے کی گئی ہے۔