فلسطین کے محصور علاقے غزہ کی پٹی کے عازمین حج کے سفرحج کے لیے بیرونی دنیا سے رابطے کا واحد ذریعہ رفح گذرگاہ کے راستے غزہ کے 800 عازمین حج کا پہلا قافلہ سعودی عرب پہنچ گیا ہے۔ دوسرا قافلہ گذشتہ روز مصر میں داخل ہوا ہے جو ایک روز میں سعودی عرب پہنچ جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں سیکرٹری مذہبی امور حسن الصیفی نے بتایا کہ غزہ کی پٹی سے روانہ ہونے والے عازمین حج کا پہلا قافلہ بہ خیرت حجاز مقدس پہنچ گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے عازمین حج کو مصری حکومت کی طرف سے سعودی عرب کے سفر کے لیے ہرممکن سہولت فراہم کی۔ انہیں مصر پہنچنے اور وہاں سے سعودی عرب تک کے سفر میں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
خیال رہے کہ تین روز قبل غزہ کے 800 عازمین حج فریضہ حج کی ادائی کے لیے قاہرہ پہنچے تھے۔ مصری حکام کی طرف سے 17 عازمین حج کو سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر سعودی عرب جانے سے روک دیا جب کہ 789 عازمین حج کو ریاض روانہ کردیا گیا۔
خیال رہے کہ رفح گذرگاہ کو آئندہ جمعرات تک غزہ کے عازمین کی حجاز مقدس روانگی کے لیے کھولا جائے گا۔ اس دوران 2900 عازمین حج مناسک حج کی ادائی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ رفح گذرگاہ رواں سال مارچ کے بعد سے مسلسل بند ہے۔ اس دوران صرف چار روز کے لیے گذرگاہ کو بیرون ملک سے غزہ آنے والے شہریوں کے لیے کھولا گیا تھا۔
فلسطینی وزارت داخلہ کے مطابق رواں سال میں اب تک صرف دس دن تک رفح گذرگاہ کھولی گئی اور 215 دن تک بند رکھی گئی ہے۔
رفح گذرگاہ کی بندش کے باعث ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی بیرون ملک سفر سے محروم ہیں۔ غزہ میں وزارت داخلہ کے ہاں 35 ہزار شہریوں نے بیرون ملک سفر کے لیے اپنی رجسٹریشن کرائی ہے مگر گذرگاہ بند ہونے کے باعث فلسطینی بیرون ملک نہیں جاسکے۔ ان میں بڑی تعداد میں طلباء اور کاروباری لوگ شامل ہیں۔