شنبه 03/می/2025

اسرائیلی فوج کے گھر گھر چھاپے، مزید 16 فلسطینی زیرحراست

پیر 14-اگست-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید 16 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فورسز کو تلاشی کے دوران غرب اردن کے الخلیل شہر سے اسلحہ بھی ملا ہے جسے قبضے میں لے لیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج کی طرف سے جاری کردہ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سوموار کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں رام اللہ، بیت لحم، طولکرم، الخلیل اور مقبوضہ بیت المقدس میں شہریوں کےگھروں پر چھاپے مارے۔

تلاشی کی کارروائیوں کے دوران اسرائیلی فوج نے خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا اور گھروں میں موجود قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کے ساتھ ساتھ نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ تلاشی کے دوران اسرائیلی فوج پر حملوں اور یہودی آباد کاروں پر سنگ باری میں ملوث فلسطینیوں سمیت سولہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

قابض فوج کا کہنا ہے کہ الخلیل شہر میں یطا کے مقام پر تلاشی کے دوران ’کارلو‘ نامی ایک بندوق بھی ملی ہے اور س کے علاوہ بیت لحم کے مشرقی قصبے ساحور سےبھی اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے رام اللہ میں دیر ابو مشعل کے مقام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

شمالی رام اللہ میں الجلزون کے مقام پر بھی اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور دکانوں میں گھس کر تلاشی لی۔ گھروں اور دکانوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران بڑے پیمانے پر لوٹ مار بھی کی گئی۔

اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان غرب اردن میں جھڑپوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ قابض فوج نے فلسطینی مظاہرین پر صوتی بموں، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں سے حملے کیے جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔

غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران دورا کے مقام سے تین سابق اسیران کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق قابض فوج نے دورا کے علاقے کا محاصرہ کیا اور اس کے بعد قصبے کی کالونیوں خرسا، عرقان،عوض، طرامہ اور وسطی دورا میں گھروں میں چھاپے مارے۔ تلاشی کے دوران تین فلسطینیوں جن کی شناخت نور عایش یوس التلاحمہ، زیاد محمد الشحاتیت اور محمود عماد الشحاتیت کے ناموں سے کی گئی ہے کو حراست میں لے لیا گیا۔

قابض فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم سے بھی متعدد شہریوں کو حراست میں لیا۔ اس شہر سے گرفتار کیے گئے ایک فلسطینی شہری کی شناخت براابو صلیح کے نام سے کی گئی ہے۔ دو شہریوں کو عناب چوکی سے گرفتار کیا گیا۔ ان کی شناخت نہیں کی جا سکی۔ مقبوضہ بیت المقدس میں سلوان کے مقام سےچار فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔

 

مختصر لنک:

کاپی