قابض صہیونی فوج کی جانب سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کے مختلف مقامات میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں آج سوموار کو مزید16 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے 16 فلسطینیوں کو اسرائیلی فوج کو مطلوب افراد بھی شامل ہیں جن پر اسرائیل کی فوجی اورسول تنصیبات پرحملوں کا شبہ ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق مختلف شہروں میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی نوجوانوں میں جھڑپیں بھی ہوئی ہیں جن میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
عبرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمالی بیت المقدس میں قلندیا کے مقام پر سرچ آپریشن میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے ایک کارکن کو حراست میں لیا گیا۔ مشرقی بیت المقدس میں ابو دیس کے مقام سے بھی متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
غرب اردن میں مغربی جنین کے یعبد قصبے اور شمالی شہر قلقیلیہ سے ایک شہری جب کہ مغربی رام اللہ میں شبتین کے مقام سے بھی ایک شہری کو حراست میں لیا گیا۔
غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں الدھیشہ پناہ گزین کیمپ، الخلیل کے قصبوں صوریف اور سعیر سے تین اور بیت جالا سے دو فلسطینی گرفتار کیے گئے۔
الدھیشہ پناہ گزین کیم سے انس الصیفی، یحییٰ الخمور کو حراست میں لیا گیا۔ وہاں پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑُپوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ اسرائیلی قابض فوج نے سرچ آپریشن کے دوران گھروں میں گھس کر قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور نقدی وزیورات لوٹ لیے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ شام بیت المقدس سے اسرائیلی فوج نے 18 فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ یہ گرفتاریاں الطور اور دیگر کالونیوں سے کی گئی ہیں۔ حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی شناخت محمود الشلودي، محمد سليم العجلوني، أيهم رمزي الزعانين، عبد الله إدريس، أمير أبو جمعة، أحمد مروان أبو جمعة، مهند أبو جمعة، علي أبو جمعة، حمادة المغربي اور حمزة خويص کے ناموں سے کی گئی ہے۔
رات گئے اسرائیلی فوج نے امیر القراوی، مجد الصیاد، اسعد ابو الھویٰ، احمد الزعتری، محمد جودت الھویٰ، فارس ابو غنام کراکع اور ابراہیم عرفات ابو سبیتان کو حراست میں لے لیا۔