شنبه 03/می/2025

اسرائیلی فوج کا کریک ڈاؤن جاری متعدد گرفتار، کوئلے کی تین کانیں تباہ

جمعرات 27-جولائی-2017

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی مہم جاری ہے۔ تلاشی کے دوران متعدد فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ادھر وادی اردن میں اسرائیلی فوج نے النصاریہ کے مقام پر کوئلے کی تین کانیں مسمار کر دیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں قریوت کے مقام پر فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ تلاشی کے دوران فلسطینی شہریوں کے گھروں میں توڑپھوڑ کی۔

مقامی سماجی کارکن بشارالقریوتی نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے قصبے پر چھاپے کے دوران متعدد فلسطینی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ ان میں 18 سال سے کم عمر افراد بھی شامل ہیں۔ قریوت سے گرفتار کیے گئے نوجوانوں کی شناخت اکرم معن فوزی جوہر، محمد رباح عباس عودہ اور احمد مصطفیٰ مرادوی کے ناموں سے کی گئی ہے۔

ادھر نابلس کے شمالی قصبے سالم میں بھی اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ تلاشی کے دوران مرسیل محمود عیسیٰ کو حراست میں لے لیا۔

ادھر نابلس کے قریب وادی اردن کے علاقے النصاریہ میں  اسرائیلی فوج نے کوئلے کی تین کانیں مسمار کرڈالیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مقامی فلسطینیوں نے اسرائیلی فوج کو کانوں کی مسماری سے روکنے کی کوشش کی مگر قابض فوج نے انہیں آگے آنے سے روک دیا۔

نابلس میں شہری دفاع کے عملے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کوئلے کی کان میں آگ لگا دی۔ فلسطینی شہری دفاع کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا تو صہیونی فوج نے انہیں آگے جانے سے روک دیا اور وہاں پر موجود تین کانیں مسمار کرڈالیں۔ النصاریہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔

ادھر غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں دورا کے مقام پر اسرائیلی فوج نے گھروں پر چھاپے مارے۔ انہوں نے سابق اسیر احمد اسحاق ابو ھشہش کے گھر میں گھس کر فرنیچر اور دیگر قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی۔

جنوبی دورا میں طرامہ کالونی میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کے گھروں کا محاصرہ کرکے کالونی میں آنے والےشہریوں کی جامہ تلاشی لی۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے دعویٰ کیا گیا کہ حرسا کے مقام پر ایک مشکوک دھماکہ خیز مواد کی موجودگی کی اطلاع ہے جس کی تلاش کی آڑمیں چھاپے مارے گئے۔

 

مختصر لنک:

کاپی