فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج منگل کے روز اسرائیلی فوج کی جانب سے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید آٹھ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار کیے گئے شہریوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کی رپورٹس کے مطابق منگل کو علی الصباح مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں نابلس، جنین، الخلیل اور دیگر مقامات پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران آٹھ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
شمالی شہر نابلس میں الفارعہ پناہ گزین کیمپ میں تلاشی کے دوران اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے گھروں پر صوتی بموں سے حملے کیے اور فائرنگ کی۔ کیمپ میں تلاشی کے دوران قتیبہ جبر ابو حسن اور 30 سالہ خاتون ریما منصور کو حراست میں لے لیا گیا۔
عینی شاہدین نے مرکز کے نامہ نگار کو بتایا کہ منگل کو مشرقی نابلس کے سالم قصبے میں اسرائیلی فوج کی 8 گاڑیوں نے گھیراؤ کیا۔ اس دوران حارہ جبارہ کےمقام سے تین فلسطینیوں عقاب ناجی حمدان، عمرو حسنی جبارہ اور وحید غصاب جبارہ کو حراست میں لے لیا۔
تین فلسطینیوں کو سالم قصبے سے حراست میں لیا گیا جن میں سے ایک اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے کارکن بتائے جاتے ہیں۔
اسرائیلی بارڈر پولیس نے منگل کو شمالی جنین اور کفر دان قصبے درمیان ایک کارروائی کے دوران صالح مصطفیٰ محمد عابد نامی ایک نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔