اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے مرکزی رہ نما اور لبنان میں جماعت کے مندوب نے کہا ہے کہ خطے کی سلامتی کو صرف اسرائیل سے خطرات لاحق ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما اسامہ حمدان نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل سے بڑھ کر خطے میں کوئی دہشت گرد نہیں۔ صہیونی ریاست کے خلاف تمام محاذوں پر مزاحمت عالمی قوانین کی رو سے جائز بلکہ واجب ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی اور پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ صرف اسرائیل ہے۔ فلسطینی مزاحمت کو دہشت گردی سےجوڑنا صہیونی ریاست کی منظم دہشت گردی کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے۔
اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیل نہ صرف اپنے بقاء کے لیے کوشاں ہے بلکہ صہیونی ریاست خطے کے وسائل پر قبضے کی سازشیں کررہا ہے۔ صہیونی ریاست کی توسیع پسندی اور مذموم عزائم کے سامنے صرف فلسطینی تحریک مزاحمت رکاوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ صہیونی ریاست خود کو خطے میں امن کے پرچارک ممالک صف میں شامل کرنے کا ناٹک رچا رہا ہے تاکہ انصاف کے حقیقی مفہوم کو خلط ملط کیا جا سکے۔