جمعه 15/نوامبر/2024

اسماعیل ھنیہ کی خادم الحرمین ،ولی عہد شہزادہ محمد کومبارک باد

اتوار 25-جون-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے صدراسماعیل ھنیہ نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی جب کہ شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد مقرر کیے جانے پر انہیں تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں حماس کے سیاسی شعبے کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ اسماعیل ھنیہ نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو عید الفطر اور شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد مقرر کیے جانے پر تہنیتی پیغام بھیجا ہے۔

تہنیتی مکتوب میں اسماعیل ھنیہ نے لکھا ہے کہ وہ اپنی جماعت ’حماس‘ اور پوری فلسطینی قوم کی طرف سے عزت مآب خادم الحرمین الشریفین کو عید الفطر المبارک کی مبارک باد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شہزادہ محمد بن عبدالعزیز آل سعود کو ولی عہد مقرر کیے جانے پرانہیں، سعودی عرب کے شاہی خاندان اور پوری سعودی قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

تہنیتی بیان میں حماس رہ نما نے سعودی قیادت اور عوام سب کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی فلسطینی قوم کے حقوق کے لیے بے لوث حمایت کا شکریہ ادا کیا ہے۔

حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ کی جانب سے یہ تہنیتی مکتوب ہفتے کے روز بھیجا گیا جس میں شاہ سلمان اور شہزادہ محمد دونوں کو ملک میں نئی سیاسی قیادت کے انتخاب پر انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔

اسماعیل ھنیہ نے اپنے مکتوب میں مکہ معظمہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں تاریخی اسلامی تعلقات کی طرف بھی اشارہ کیا ہے۔ انہوں نے پوری سعودی قوم کوعید الفطر کی مبارک باد بھی پیش کی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی