ایران نے اسماعیل ھنیہ کو اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کا سربراہ منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اسماعیل ھنیہ کے نام بھیجے گئے پیغام میں انہیں جماعت کے سیاسی شعبے کے سربراہ منتخب کیے جانے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی وزارت خارجہ کے معاون ڈاکٹرجابری انصاری نے تہران میں متعین حماس کے مندوب ڈاکٹر خالد القدومی کو اسماعیل ھنیہ کے نام تہنیتی پیغام پہنچایا۔
تہنیتی پیغام میں ایرانی وزیرخارجہ نے اسماعیل ھنیہ سے کہا ہے کہ ان کے کندھوں پر ایک بھاری ذمہ داری عاید ہوئی ہے۔ موجودہ حالات میں فلسطین جن حالات اور چیلنجز کا سامنا کررہا ہے ان حالات میں اسماعیل ھنیہ نے حماس کی قیادت اپنےہاتھ میں لی ہےجو ایک بھاری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اسماعیل ھنیہ کی استقامت اور جماعت کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔
خیال رہےکہ حال ہی میں حماس کے ارکان نے خفیہ رائے دہی میں جماعات کی نئی قیادت کا انتخاب کیا ہے۔ سابق وزیراعظم اور جماعت کے سیاسی شعبے کے سینیر نائب صدر اسماعیل ھنیہ کو سیاسی شعبے کا سربراہ منتخب کیا گیا۔