اسرائیلی جیل میں مقید فلسطینی اسیران اسرائیلی جیل سروس سے اپنے حقوق کی جنگ کے لئے مسلسل 19 ویں دن بھی "آزادی اور وقار” بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔
آزادی اور وقار بھوک ہڑتال کی میڈیا کمیٹی نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے تمام حصوں میں نماز جمعہ کے اجتماعات اسیران کی حمایت میں لگائے جانے والے کیمپوں میں منعقد کئے جائیں گے۔
اسرائیلی جیلوں میں قید قومی اور اسلامی تنظیموں کے 50 رہنمائوں نے جمعرات کے روز اس بھوک ہڑتالی مہم میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ اسرائیلی جیل حکام نے عسقلان جیل سے 41 اسیران کو بھوک ہڑتال کرنے پر اوہلیکدار جیل میں منتقل کردیا تھا۔
اسرائیلی جیل حکام نے عسقلان جیل میں پچھلے کچھ دنوں سے قیدیوں کی کوٹھڑیوں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ ہر بار ایسی کارروائی کے نتیجے میں اسیران کو متعدد گھنٹوں کے لئے جیل کے صحن میں بٹھا دیا جاتا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی نیوز چینل، ‘چینل ٹو’ کے مطابق ‘اسرائیلی جیل سروس’ ڈاکٹروں کی مقامی تنظیم کی جانب سے اسیران کو زبردستی کھانے کھلانے کے عمل میں حصہ نہ لینے فیصلے کے بعد غیر ملکی ڈاکٹروں کی ‘خدمات’ لینے پر غور کررہے ہیں۔