اسرائیل کے عبرانی اخبارات نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ دو ہفتوں سے غرب اردن میں قائم یہودی کالونیوں میں نئی تعمیرات کا عمل معطل ہے۔ یہ تعطل وزیراعظم نیتن یاھو کی خصوصی ہدایت کے بعد سامنے آیاہے جس میں انہوں نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ عارضی طورپر غرب اردن میں نئے تعمیراتی کی تفصیلات جاری کرنے اور نئی تعمیرات شروع کرنے سے روک دیں۔
عبرانی اخبار’معاریو‘ کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ دو ہفتوں کے دوران غرب اردن میں نئے تعمیراتی منصوبوں کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ حالانکہ حکومت کی طرف سے غرب اردن میں کئی تعمیراتی منصوبوں کی منظوری دے رکھی ہے۔
عبرانی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم کے دفتر سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عارضی طور پرغرب اردن میں نئے تعمیراتی منصوبوں کی تفصیلات جاری نہ کریں۔
خیال رہے کہ امریکا میں حکومت کی تبدیلی کے بعد فلسطین میں یہودی کالونیوں کی تعمیرو توسیع میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ اسرائیلی حکومت نے مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں دھڑا دھڑ مکانات کی تعمیر کا کام شروع کردیا تھا۔
اسرائیل کی طرف سے غرب اردن میں نئے تعمیراتی منصوبے شروع کرنے سے منع کرنے کا اقدام ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دوسری طرف فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس آئندہ ہفتے امریکا کے دورے کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کررہے ہیں۔