اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کےسیاسی شعبے کے نائب صدر اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے گرد گھیرا تنگ کرنے والے خود تنگی کا شکار ہوچکے ہیں۔ان کا کہناہے کہ اسرائیلی دشمن کی قید میں موجود فلسطینی اسیران کی رہائی کی منزل زیادہ دور نہیں رہی۔ القسام کمانڈر مازن فقہا کے قاتلوں کو جلد بےنقاب کریں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی میں سنہ 2014ء میں اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والی مسجد تقویٰ کے افتتاح کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصرکی اپنی حالات ابتر ہوچکی ہے۔
انہوں نے اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا اور کہا کہ اسیران کو بتا دو کہ ان کی آزادی کی منزل زیاد دور نہیں رہی۔
اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ فلسطینی اسیران کی طرف سے اپنے حقوق کے لیے شروع کی گئی بھوک ہڑتال کامیاب ہوگی اور دشمن کو ان کے حقوق اور مطالبات کو تسلیم کرنا پڑے گا۔
القسام کمانڈر مازن فقہا کے قاتلوں کے بارے میں اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ غزہ کے سیکیورٹی اداروں نے فقہا کے قاتلوں کا پتا چلا لیا ہے۔ جلد ہی انہیں قوم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
ایک دوسری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ غزہ کے خلاف سازشوں کے تانے بانے تیار کرنے والے خود مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔ ہمارے حالات ان سے بہتر ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے حماس ہرممکن کوششیں جاری رکھے گی۔