فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس سمیت کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فوج کی گھرگھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید 16 فلسطینیوں کوحراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض صہیونی فورسز نے غرب اردن کے مختلف شہروں میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعدد شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان میں متعدد سابق اسیران بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیانات کے مطابق غرب اردن کے شہروں الخلیل، طولکرم، نابلس، بیت لحم اور القدس سے سولہ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
صہیونی فوج کے بیانات کے مطابق حراست میں لیے گئے فلسطینیوں میں بعض اسرائیلی فوج کو سنگ باری اور دیگر مزاحمتی حملوں میں مطلوب تھے۔
قابض فوج نے غرب اردن کے شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران متعدد شہریوں کو حراست میں لے کر سیکیورٹی مراکز منتقل کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج نے مُنگل اور بدھ کی درمیانی شب الخلیل شہر میں گھر گھر تلاشی کے دوران فلسطینی شہریوں کو زدو کوب کیا۔
الخلیل سے حراست میں لیے جانے والے شہریوں میں شادی الاطرش اور مصعب الجنیدی کے ناموں سے شناخت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ سعد القواسمہ، عبدالکریم القواسمہ، محمد عبید کے گھروں پر چھاپے مارے گئے اور متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
نابلس میں تلاشی کے دوران تین فلسطینیوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج نے نماز فجر کے بعد شاہراہ فیصل اور شاہراہ حیفا کے اطراف میں فلسطینیوں کے گھروں کی تلاشی لی اور دو فلسطینی نوجوانوں 24 سالہ ثائر عیساوی اور 20 سالہ یوسف رمزی دویکات کو گرفتار کرلیا گیا۔
نابلس کے پناہ گزین کیمپ عین بیت ما سے 18 سالہ علاء عبدالغنی طہ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں مہدی مرعی کو حراست میں لیا۔ بیت المقدس میں ابو دیس کے مقام میں تلاشی کے دوران محمود ولید السقا نامی شہری کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
اسرائیلی فوج نے جنین شہر سے احمد عز الدین عمارنہ طوباس سے ایاد ابو العایدہ اور قلقیلیہ سے اشرف سفیان عودہ کو حراست میں لے لیا۔