اسرائیلی قابض فوج نے پیر کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے چھاپے مار کر فلسطینی شہریوں کو ان کے گھروں سے اٹھا لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں نابلس اور دیگر علاقوں میں ہوئیں۔ جہاں فوج صبح سویرے چڑھ دوڑی۔ کئی گھروں کی دیواریں توڑ دیں اور نابلس سے تین فلسطینی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں در پردہ جنگ شروع کر رکھی ہے۔ آئے روز شہریوں کی ہلاکتیں اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔
پچھلی رات شہر میں اس وقت تصادم کی کیفیت پیدا ہوگئی جب یہودی آباد کاروں نے مزار یوسف کی طرف چڑھائی کی۔ یہودی آباد کاروں کو اس دوران اسرائیلی فوج کا تحفظ بھی حاصل تھا اور وہ فوجی دستوں کے جلو میں آگے بڑھ رہے تھے۔
اس دوران نابلس کے مشرق میں سبزی اور پھل منڈی میں اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کی اور الاصباح نامی اس فروٹ مارکیٹ کی دکانوں کو نقصان پہنچایا۔
مقامی ذرائع کے مطابق رام اللہ میں بھی اسرائیلی فوج نے کارروائی کی اور پانچ فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ جن میں ایک اسلامی سٹوڈنٹ بلاک برزیت یونیورسٹی کا طلبہ لیڈر بھی تھا اور ایک چھوٹا بچہ بھی شامل تھا۔ جبکہ حراست میں لیے گئے فلسطینیوں میں ایک باپ اور اس کا بیٹا بھی تھا۔
ارھر الخلیل شہر سے اطلاعات ملی ہیں کہ پیر کے روز اسرائیلی فوج نے بیت عمر ٹاؤن میں کارروائی کی ہے۔ تاہم ابھی الخلیل سے اس فوجی کارروائی کی تفصیلات موصول ہونا باقی ہیں۔