فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کی ایک مرکزی شاہراہ پر اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی جاسوسی کے لیے جگہ جگہ خفیہ کیمرے نصب کرنا شروع کر دیے ہیں۔
مقامی فلسطینی شہریوں نے بتایا کہ صہیونی فوج نے سوموار کو وسطی حوارہ کے مقام پر شاہراہ الرئیس کے اطراف میں کیمرے نصب کرنا شروع کیے۔ کیمروں کی تنصیب کے بعد صہیونی حکام کی طرف سے فلسطینیوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ سڑک پرانہیں کیمرے کی آنکھ دیکھ رہی ہے۔
عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ صہیونی فوج نے دوار عینابوس اور دوسرے مقامات پر بھی شاہراہ پر کیمرے نصب کیے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کیمروں کی تنصیب کے صہیونی حربے کا مقصد راہ گیروں اور سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کی جاسوسی ہے۔