عرب لیگ اور خلیجی ریاستوں کی نمائندہ خلیج تعاون کونسل نے شام کے شہر حلب پر جاری وحشیانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بمباری فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عرب لیگ کے ہیڈ کواٹر قاہرہ اور خلیجی تعاون کے سعودی عرب کے شہر ریاض میں قائم دفتر سے جاری الگ الگ بیان میں شام کے حلب شہر پر شامی اور روسی افواج کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔ بیانات میں کہا گیا ہے کہ حلب میں بمباری کے نتیجے میں بے گناہ بچے، عورتیں اور معمر افراد شہید ہو رہے ہیں۔ بمباری سے پورے شہر کو تباہ و برباد کیا جا رہا ہے۔ عرب لیگ اور خلیجی تعاون کونسل دونوں تنظیمیں حلب میں بمباری فوری بند کرانے کا پرزور مطالبہ کرتی ہیں۔
خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد الزیانی کا کہنا ہے کہ شامی اور روسی افواج حلب میں بے گناہ شہریوں کے وحشیانہ قتل عام کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حلب میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ سفاکیت اور وحشت کی بدترین شکل ہے۔ ایک منظم مہم کے تحت بے گناہ انسانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ الزیانی کا کہنا تھا کہ حلب میں بمباری کر کے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں اور بمباری کرنے والی فورسز تمام اخلاقی اور انسانی اصولوں کی کھلے عام پامالی کر رہی ہیں۔
ادھر قاہرہ میں عرب لیگ کے دفتر سے جاری ایک بیان میں بھی حلب میں وحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ حلب میں جاری قتل عام کا سلسلہ فوری بند کرائے۔