فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں کہا گیاہے کہ فلسطینی شہروں میں عید الاضحٰی کے ایام میں بھی صہیونی فوج کی طرف سے وحشیانہ کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں کم سے کم 41 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتاریاں مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی سے عمل میں لائی گئیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیران اسٹڈی سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 10 فلسطینی شہریوں کو عید کے ایام میں مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل سے حراست میں لیا گیا۔ ان میں بعض سابق اسیر بھی شامل ہیں۔
اسٹڈی سینٹر کے ترجمان ریاض الاشقر نے بتایا کہ عید کے ایام میں بھی قابض صہیونی فوج کے وحشیانہ کریک ڈاؤن اور فلسطینیوں کو زدو کوب کیے جانے کے واقعات میں کمی نہیں آئی۔ عید کے ایام میں گرفتار کیے گئے اکتالیس فلسطینیوں میں پانچ بچے اور ایک بچی شامل ہیں۔