ترکی میں گذشتہ روز فوج کی مسلح بغاوت کے نتیجے میں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش ناکام بنائے جانے پر فلسطین کے مختلف شہروں میں بھی جشن منایا جا رہا ہے۔ فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی اورمقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں ترکی میں جمہوریت کی حمایت میں مظاہرے جاری ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز ترکی میں فوجی بغاوت کی کوشش کے دوران صدر رجب طیب ایردوآن اور وزیراعٖظم بن علی یلدرم کی حکومت کو برطرف کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر عوام نے سڑکوں پر نکل کر فوج کے ایک گروپ کی جانب سے مسلح بغاوت کی سازش کو ناکام بنا دیا گیا۔
ترکی میں جمہوریت حکومت پر شب خون مارنے کی ناکام سازش پر فلسطین کے مختلف شہروں میں ہزاروں افراد ترک صدر طیب ایردوآن کی تصاویر اور ترک پرچم لہراتے سڑکوں پر نکل آئے۔ ترک حکومت کے حق میں سب سے زیادہ مظاہرے غزہ کی پٹی میں دیکھنے میں آئے جہاں کئی مقامات پر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی سڑکوں پر آکر ترک حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
فلسطینی کی سیاسی قیادت نے بھی ترکی میں حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترکی میں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے فوجی سازش ترکی کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔