اسرائیلی پولیس نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر سے سنگ باری اور پٹرول بم حملوں کے الزام میں چار فلسطینی بچوں کوحراست میں لینے کے بعد حراستی مراکز منتقل کر دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی پولیس کی جانب سےجاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے بیت المقدس کی العیساویہ کالونی اور دیگر مقامات پر تلاشی کی مہم کے دوران 16 اور 17 سال کی عمر کے چار بچوں کو گرفتار کیا ہے۔
حراست میں لیے گئے فلسطینی لڑکوں پر یہودی تنصیبات، بسوں، یہودی آباد کاروں کی پرائیویٹ گاڑیوں اور دیگر اہداف پر پٹرول بموں کے ساتھ ساتھ سنگ باری میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
حراست میں لیے گئے فلسطینی لڑکوں پر العیساویہ کے مقام پر ’’ھدار ھا ھٹزفیم‘‘ اسپتال کے قریب پٹرول بم پھینکنے اور دیگر مقامات پر سنگ باری کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ حراست میں لیے گئے چاروں بچوں کو آج مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ادھر گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 15 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار کیے گئے فلسطینیوں پر یہودی آباد کاروں اور ان کی تنصیبات پر سنگ باری کا الزام عاید کیا گیا ہے۔