جمعه 15/نوامبر/2024

اسماعیل ھنیہ کا خالدہ جرار کو فون ،اسرائیلی قید سے رہائی پر مبارک باد

اتوار 12-جون-2016

اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے  سیاسی شعبے کے نائب صدر اور سابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے اسرائیلی جیل سے رہائی پانے والی عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کی خاتون رہ نما خالدہ جرار کو ٹیلیفون کیا اور انہیں صہیونی قید سے رہائی پر مبارک باد پیش کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں اسماعیل ھنیہ کے دفتر سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نے فلسطینی پارلیمنٹ کی خاتون رکن اور عوامی محاذ کی سرکردہ خاتون سیاست دان خالدہ جرار کی اسرئیلی جیل سے رہائی کے بعد انہیں ٹیلیفون کیا اور جیل سے رہائی پر مبارک باد پیش کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ھنیہ نے فلسطینی کاز کے لیے خالدہ جرار کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ فلسطینی قوم کو ان کی مساعی پرفخر ہے۔

اسماعیل ھنیہ نے فلسطینی سیاسی جماعتوں میں قومی مفاہمت کا عمل آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی شہریوں کی رہائی کے لیے تمام فلسطینی قوتوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔

انہوں نے خالدہ جرار کی اسرائیلی مظالم کے سامنے پوری قوت کے ساتھ ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حماس اور پوری فلسطینی قوم اسرائیلی مظالم کا مقابلہ کرنے والوں کے ساتھ ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے خالدہ جرار کو 15 ماہ قبل رام اللہ سے گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا تھا۔ ان کی گرفتاری انہیں اریحا شہر سے بے دخل کیے جانے کا فیصلہ مسترد کیے جانے کے بعد عمل میں لائی گئی تھی۔ اسرائیلی فوج نے خالدہ جرار کو اریحا شہر سے بے دخل کرنے کا حکم دیا تھا مگر جرار نے صہیونی حکم نامہ ٹھکراتے ہوئے کہا تھا کہ وہ فلسطین کے جس شہر میں چاہے رہ سکتی ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی