جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیل نے پانی بند کردیا، فلسطینی روزہ دار بوند بوند کو ترسنے لگے

ہفتہ 11-جون-2016

فلسطینی علاقوں کو پانی کی فراہمی کی ذمہ دار اسرائیلی کمپنی ’’میکروٹ‘‘ نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہروں بالخصوص سلفیت اور اس کے مضافات کو پانی کی سپلائی اچانک بند کردی ہے جس کے نتیجے میں مقامی فلسطینی آبادی اور روزہ داروں کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی واٹراتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ میکروٹ نے گذشتہ روز بغیرکسی پیشگی اطلاع یا نوٹس کے سلفیت شہر اور اس سے ملحقہ دیہات حوارہ، عزموط، دیر الحطب، سالم ، بزاریا اور نابلس شہر کے برقہ قصبے کو پانی کی سپلائی بند کردی۔

واٹر اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شمالی شہر جنین اور اس کے جنوبی قصبوں سیلہ الظہر،الفندوقومیہ اور جنوبی جنین کے العصاعصہ قصبے کا پانی بھی بند کیا گیا ہے اور ان علاقوں کے فلسطینی باشندے پانی کی بوندھ بوندھ کو ترس گئےہیں۔

فلسطینی واٹر اتھارٹی کی جانب سے غرب اردن کے مختلف شہروں میں پانی کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی کمپنی نےسوچے سمجھے منصوبے کے تحت اہالیان علاقہ کو پانی کی قلت سے دوچار کیا ہے۔

خیال رہے کہ میکروٹ نامی اسرائیلی کمپنی غرب اردن کے شہروں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی ذمہ دار ہےاور یہ کمپنی پانی کی فراہمی کے عوض فلسطینی انتظامیہ سےرقم حاصل کرتی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی