بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں امیر جماعت اسلامی مطیع الرحمان نظامی کو 1971ء میں مبینہ جنگی جرائم میں ملوّث ہونے کے جرم میں پھانسی دے دی گئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی کو بنگلہ دیش کے ایک متنازعہ ٹرائبیونل نے 1971ء میں جنگی جرائم میں ملوّث ہونے الزامات میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت سنائی تھی اور ملک کی عدالتِ عظمیٰ نے بھی اگلے روز یہ فیصلہ برقرار رکھا تھا۔
بنگلہ دیشی حکام نے سوموار کی شب مطیع الرحمان نظامی کو عدالت عظمیٰ کا یہ فیصلہ پڑھ کر سنایا تھا۔ اس کے بعد انھیں ڈھاکا کی سنٹرل جیل میں منتقل کردیا گیا تھا جہاں انھیں منگل کی نصف شب سے چندے قبل تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ہے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور شہر سے باہر واقع جیل کے ارد گرد پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔
بنگلہ دیش کے قانون اور انصاف کے وزیر انیس الحق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہتر سالہ لیڈر نے ملک کے صدر سے رحم کی اپیل کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد انھیں رات گیارہ بج کر پچاس منٹ اور بارہ بجے کے درمیان پھانسی دے دی گئی ہے۔
قبل ازیں سینیر جیلر جہانگیر کبیر نے صحافیوں کو بتایا کہ جماعت اسلامی کے امیر نے عدالتِ عظمیٰ کا فیصلہ سننے کے بعد یہ نہیں کہا تھا کہ وہ صدر سے رحم کی اپیل کریں گے۔ انھوں نے مزید بتایا ہے کہ عام طور پر سزائے موت کے قیدیوں کو حتمی فیصلے کی اشاعت کے بعد صدر سے رحم کی اپیل کے لیے چوبیس گھنٹے کا وقت دیا جاتا ہے۔
مصلوب لیڈر کے وکلاء نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ کسی سے کوئی معافی نہیں چاہتے ہیں۔ اگر وہ اس کے لیے کوئی درخواست دیتے ہیں تو اس کا یہ مطلب ہوگا کہ جن جرائم میں انھیں قصور وار قرار دیا گیا ہے،وہ ان کے فی الواقع مرتکب ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ دسمبر 2013ء کے بعد سے جماعت اسلامی کے تین سینیر قائدین اور حزب اختلاف کی مرکزی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے ایک لیڈر کو جنگی جرائم میں ملوث قرار دے کر تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔
مطیع الرحمان نظامی سنہ 2000ء میں جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر منتخب ہوئے تھے۔ انھوں نے 2001ء کے انتخابات میں بی این پی کے ساتھ مل کر انتخابی اتحاد تشکیل دیا تھا اور اس کی عام انتخابات میں کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ وزیراعظم بیگم خالدہ ضیاء کی قیادت میں اس حکومت میں وزیر رہے تھے۔
مصلوب امیر جماعت اسلامی کو متحدہ پاکستان کی حامی ملیشیا البدر کا بانی لیڈر قراردیا جاتا تھا۔ انھیں بنگلہ دیش کی جنگی جرائم کی خصوصی عدالت نے اکتوبر 2014ء میں 1971ء میں پاکستان سے علاحدگی کی جنگ کے دوران قتل، آبروریزی اور دوسرے جنگی جرائم کے الزامات میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت سنائی تھی۔ ان کی ملیشیا البدر پر الزام عاید کیا گیا تھا کہ اس نے مبیّنہ طور پر سابق مشرقی پاکستان کے بنگلہ دیش بننے کے حامی پروفیسروں، ڈاکٹروں، لکھاریوں اور صحافیوں کا قتل عام کیا تھا۔
انسانی حقوق کی تنظیمیں بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے قائم کردہ جنگی جرائم کے اس متنازعہ ٹرائبیونل کے فیصلوں پر کڑی تنقید کرچکی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس عدالت میں مقدمات کی سماعت انصاف کے عالمی معیار کے مطابق نہیں کی جارہی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امیر جماعت اسلامی کی پھانسی روکنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن بنگلہ دیشی حکومت نے یہ مطالبہ نہیں مانا۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی جانب سے مطیع الرحمان کی پھانسی کی مذمت کی گئی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مطیع الرحمان کو پھانسی بے گناہ انسانیت کا خون ہے، سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ مطیع الرحمان کو پاکستان کی حمایت کی سزا دی گئی۔ جماعت اسلامی پاکستان آج [بدھ] کو شہر لاہور میں شیخ مطیع الرحمن کا غائبانہ نماز جنازہ ادا کرے گی۔